عمان کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر حملہ ، 3 بھارتی ملاح لاپتہ، 21 کو بچا لیا گیا

ٹینکر کو مبینہ طور پر امریکی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے ، بحری حکام

فائل فوٹو

فائل فوٹو

نئی دہلی: سلطنتِ عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی آئل ٹینکر پر ہونے والے مبینہ حملے کے بعد عملے کے 21 بھارتی ملاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے، جبکہ 3 ملاح اب بھی لاپتہ ہیں۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک باقاعدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز ‘سیٹیبیلو’ (Settebello) پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عمان میں قائم ہمارا سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے عمانی حکام کے ساتھ قریبی اور فعال رابطہ برقرار کیے ہوئے ہے۔

بحری حکام کے مطابق، پٹرولیم مصنوعات لے جانے والے اس ٹینکر کو مبینہ طور پر امریکی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد لاپتہ ہونے والے 3 بھارتی ملاحوں کی تلاش کے لیے سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔