امریکہ کا ایران پر آج رات پھر انتہائی شدید حملے کا اعلان، تیل کی تنصیبات پر قبضے کی دھمکی

بہت جلد 'خارگ آئی لینڈ' اور ایران کے دیگر پٹرولیم انفراسٹرکچر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیں گے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف حتمی عسکری کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ آج رات پھر ایران پر انتہائی شدید حملہ کرنے جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران کو سخت ترین لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ آنے والے چند دنوں میں ایران کے انتہائی اہم تزویراتی جزیرے ‘خارگ آئی لینڈ’ (Kharg Island) سمیت وہاں موجود تیل اور گیس کی دیگر اہم ترین تنصیبات پر دھاوا بول دے گا اور ان کا انتظامی و عسکری کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لے گا۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ ہم ایران کی تیل اور گیس کی مارکیٹوں پر اپنا مکمل تسلط قائم کرنے جا رہے ہیں، اور یہ کارروائی بالکل اسی طرز پر ہوگی جس طرح ماضی میں وینزویلا کے خلاف کی گئی تھی۔

امریکی صدر نے اپنے پیغام میں ایک بار پھر یہ دعویٰ دہرایا کہ ماضی کی کارروائیوں کے باعث ایرانی مسلح افواج کی عسکری اور دفاعی صلاحیتیں پہلے ہی مفلوج اور تباہ ہو چکی ہیں، اس لیے وہ اب کسی بڑے امریکی اقدام کے سامنے مزاحمت کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ بیان خطے کو ایک بڑی اور وسیع البنیاد جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ‘خارگ آئی لینڈ’ خلیج فارس میں واقع ایران کا سب سے بڑا آئل ٹرمینل ہے، جہاں سے ایران اپنے خام تیل کی کل برآمدات کا تقریباً 90 فیصد حصہ عالمی منڈیوں کو بھیجتا ہے۔