کراچی میں درجہ حرارت 40،شدت 51 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی گئی
شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ، موسم گرم و مرطوب رہا
فائل فوٹو
آج کراچی شدید گرمی اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں رہا ہے، شہر قائد میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی محسوس کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی محسوس کرنے کی شدت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق جناح ٹرمینل پر 40.5، گلستان جوہر میں 40، شاہراہ فیصل پر 39، ماڑی پور میں 38 جبکہ بن قاسم میں 34.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا جون میں معمول کا اوسط درجہ حرارت 35.9 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج درجہ حرارت معمول سے 4.1 ڈگری زیادہ رہا۔
محکمہ موسمیات نے کل کے لیے بھی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔