پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت، ووٹ بھی دیں گے، وزیراعظم کا اعلان
مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں بیٹھے گی،ہمیشہ حلیف جماعتوں کے ساتھ عزت و احترام کے رشتے کو برقرار رکھا ہے، شہباز شریف
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، اس لیے انہیں حکومت بنانے کی دعوت دیتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پارٹی کے منتخب اراکین پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے ووٹ دیں گے۔یہ فیصلہ جمہوری روایات اور اقدار کو مقدم رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنی حلیف جماعتوں کے ساتھ عزت و احترام کے رشتے کو برقرار رکھا ہے اور آئندہ بھی اتحادی سیاست کے تقاضوں کو اسی جذبے کے ساتھ نبھایا جائے گا۔