کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا پورانیٹ ورک غیر فعال کرنے کافیصلہ
جامع کریک ڈاؤن کا آغاز ہونے جارہاہے۔ ذرائع
کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے نیٹ ورک اور اس کے حامیوں کے خلاف ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں نے حکمتِ عملی مزید سخت کرنے فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، نہ صرف تنظیم کے فعال ارکان بلکہ پسِ پردہ رہ کر کام کرنے والے ماسٹر مائنڈز، مالی معاونت فراہم کرنے والے نیٹ ورکس اور سوشل میڈیا پر ان کے بیانیے کو ہوادینے والے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایاہے کہ ادارے مشترکہ طور پر ایک جامع کریک ڈاؤن کا آغاز کر رہے ہیں، جس کا مقصد تنظیم کے مالیاتی اور لاجسٹک ڈھانچے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔حکومت نے اس کالعدم تنظیم سے وابستگی یا معاونت کی بنیاد پر ملوث افراد کے قومی شناختی کارڈ ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس فوری طور پر منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں موجود ان کی جائدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، اور تمام مشتبہ سہولت کاروں کی فہرستیں تیار کر کے ان کے اثاثوں اور مالیاتی لین دین کی سخت نگرانی شروع کر دی گئی ہے تاکہ تنظیم کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر غیر فعال کیا جا سکے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق،آزادکشمیر کے محکمۂ داخلہ نے جموں و کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ میں شریک افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے اور ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی تجویز دی ہے۔ریاستی چیف سیکریٹریٹ کو لکھے گئے ایک خط میں محکمۂ داخلہ نے راولاکوٹ سے مظفر آباد لانگ مارچ میں شریک ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی کی منظوری طلب کی ہے۔اس میں تجویز کیا گیا ہے کہ موبائل میپنگ اور جیو فینسنگ کے ذریعے لانگ مارچ کے شرکا کی فہرست تیار کی جائے اور انھیں کالعدم تنظیم کے فریم ورک میں شامل کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے۔اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے شرکا کو کریکٹر سرٹیفکیٹس دینے پر پابندی عائد کی جائے، ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیے جائیں اور پاسپورٹس بلاک کر دیے جائیں۔
دیگر تجاویز میں موبائل اکاؤنٹس کی معطلی اور ممکنہ غیر ملکی فنڈنگ کی نگرانی شامل ہیں۔اس خط میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکریٹریٹ کی منظوری کے بعد کارروائی شروع کی جائے گی۔