امریکہ سے مذاکرات کامیاب ہوئے تو ڈیجیٹل دستخط ہوں گے،ایران
عبوری معاہدہ پہلا قدم ہوگا،جبکہ ناکامی کی صورت میں جوہری مذاکرات مکمل طور پرختم ہوں گے
فائل فوٹو
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ابھی ایران کا امریکہ کے ساتھ معاہدہ نہیں ہوا، اور اگر مذاکرات کامیاب ہوئے تو معاہدے پر دستخط ڈیجیٹل طور پر ہوں گے اور اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ جب معاملات طے پا جائیں گے تو عوام کو مکمل تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق معاہدے کے 14 نکات ہوں گے جبکہ ایران کے ایٹمی معاملے کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبوری معاہدہ پہلا قدم ہے، اور اگر یہ نافذ نہ ہوا تو جوہری مذاکرات بھی نہیں ہوں گے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایران کے منجمد فنڈز جاری کیے جائیں گے، جبکہ امریکی ناکہ بندی کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کو کھولنا بھی عبوری معاہدے کا حصہ ہوگا۔ ان کے مطابق ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ گزرگاہ یقینی بنائے گا، تاہم آبنائے ہرمز پر ایران کی اسٹریٹجک حیثیت برقرار رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے میں لبنان سمیت مختلف محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی شقیں بھی شامل ہوں گی، اور لبنان میں جنگ کے خاتمے سے مراد اسرائیل کا مقبوضہ علاقوں سے انخلاء ہے۔