اولاکوٹ لانگ مارچ: گھر واپسی کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے پولیس سہولت مراکز قائم
گرفتاری یا انہیں جان سے مار دیا جائے گا،کی افواہیں بے بنیاد ہیں،ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر
فائل فوٹو
مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر پولیس نے ایک اہم پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں 9 جون 2026 کے لانگ مارچ کی کال کے تحت میرپور ڈویژن سمیت مختلف علاقوں سے راولاکوٹ پہنچنے والے نوجوانوں سے متعلق وضاحت کی گئی ہے۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی لانگ مارچ کی کال کے بعد متعدد نوجوان راولاکوٹ میں موجود ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مجرمانہ کردار اور دہشت گردانہ سوچ کے باعث مایوس ہو کر اب یہ نوجوان احتجاج چھوڑ کر اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں۔
پریس ریلیز میں ان افواہوں کو قطعی طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ واپس جانے والے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جائے گا یا انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔
آزاد کشمیر کے اضلاع بھمبر، میرپور اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی محفوظ واپسی کے لیے پولیس نے راولاکوٹ میں سہولت مراکز قائم کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ مراکز ان نوجوانوں کے لیے ہیں جو بلا روک ٹوک اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں۔پولیس نے واضح کیا کہ خواہشمند نوجوانوں کی واپسی اور حفاظت کو یقینی بنانا ہمارے لیے قابلِ احترام اور اہم ہے۔