جناب ڈپٹی اسپیکر ابھی آپ کو درد محسوس ہونے لگا ہے ، مولانا فضل الرحمٰن
عمران خان کو باہر آنے دیں،اگر آج ایک شخص کی وجہ سے ملکی تناؤ ہے تو اسے باہر نکالیں ، اسمبلی میں اظہار خیال
فائل فوٹو
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جو کشیدگی نظر آرہی ہے وہ ماضی میں کبھی نہیں تھی۔
ڈپٹی اسپیکر نے مولانا فضل الرحمٰن کو تقریر محدود کرنے کی ہدایت کی تو مولانا نے کہاکہ جناب ڈپٹی اسپیکر ابھی آپ کو درد محسوس ہونے لگا ہے ،یہ درد آپ کا اکیلا نہیں ہے یہ کہیں اور بھی محسوس ہورہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ نواز شریف اور بے نظیر کے درمیان کیا تناؤ نہیں رہا ہے،کیا ان کے درمیان صلح نہیں ہوئی، ان کاکہناتھا کہ محمود خان اچکزئی ہمارے اپوزیشن لیڈر ہے،اچکزئی نے مجھ سے ووٹ نہیں مانگا۔
سربراہ جے یو آئی کاکہناتھا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط بے نظیر اور نواز شریف نے کئے تھے،میثاق جمہوریت میں طے نہیں ہوا تھا کہ ایک دوسرے کی حکومتیں نہیں گرائیں گے،میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمران خان کو باہر آنے دیں،اگر آج ایک شخص کی وجہ سے ملکی تناؤ ہے تو اسے باہر نکالیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہاکہ مجھے کہا جاتا ہے کہ آپ تو عمران خان کے خلاف تھے اب اسکی رہائی کے مطالبات کررہے ہیں،میں کہتا ہوں کہ مخالف جیل میں ہاتھ پاؤں بندھا پڑا ہو اور میں اس کے خلاف بات کروں۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے میثاق جمہوریت کی بات کی ہے تو آئیں آگے بڑھیں،آپ ان کیمرہ اجلاس بلائیں اگر آپ کو خدشہ ہے کہ پی ٹی آئی والے ہنگامہ کریں گے،میں پی ٹی آئی والوں کی ضمانت دیتا ہوں وہ کچھ نہیں کریں گے،انہوں نے کہاکہ اگر میں اور پی ٹی آئی اتنی مخالفت کے باوجود بہتری کی طرف سفر کرسکتے ہیں تو آپ بھی اپنے ہمسایہ کے ساتھ بات چیت کی طرف بڑھیں۔