امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود ایرانی آئل ٹینکرز۔کارگو جہاز گزر گئے
بحری ناکہ بندی برقرار، ایرانی ٹینکرز اور سامان بردار جہاز منزل کی جانب روانہ
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے تین آئل ٹینکرز اور دو سامان بردار جہاز امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود اپنے راستے پر آگے بڑھنے میں کامیاب ہو گئے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ نے ایران کی بندرگاہوں پر عائد بحری پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران کی بندرگاہوں کے گرد نافذ بحری ناکہ بندی 19 جون کو متوقع معاہدے پر دستخط ہونے تک برقرار رہے گی۔ اس دوران ایران آنے اور جانے والی تمام بحری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔
امریکی حکام نے عالمی جہاز رانی سے وابستہ اداروں اور جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ مزید ہدایات جاری ہونے تک ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ تاہم ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پانچ ایرانی بحری جہاز اس رکاوٹ کو عبور کرکے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔