ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی مفاہمتی معاہدے پر دستخط کی تقریب کے مقام میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تقریب پہلے جنیوا میں ہونا تھی تاہم اب اسے سوئٹزرلینڈ کے برجن اسٹاک ریزورٹ میں 19 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ سوئس وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ مقام وسطی سوئٹزرلینڈ میں لوسرن کے قریب واقع ہے اور سکیورٹی کے لحاظ سے زیادہ موزوں سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس مقام کا انتخاب پاکستان اور قطر سمیت دیگر ثالثوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے، جبکہ امریکا اور ایران نے بھی اس پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم تاریخی معاہدے کی میزبانی پاکستان کرے گا اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہوگا، جس میں نائب وزیر اعظم اور دیگر وفاقی وزراء بھی شامل ہوں گے۔
مزید اطلاعات کے مطابق ایران کی جانب سے پارلیمانی اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار باقر قالیباف شرکت کریں گے۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تقریب میں شرکت کا اشارہ دیا ہے جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی شرکت متوقع ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کے مطابق قطر بھی اس مذاکراتی عمل اور دستخطی تقریب میں شریک ہوگا۔