سندھ کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز
شہر میں ٹرانسپورٹ، پانی، نکاسی آب، انفراسٹرکچر اور شہری سہولتوں کے متعدد منصوبوں کا اعلان
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ بجٹ پیش کر رہے ہیں
کراچی: سندھ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مالی سال 2026-2027 کے بجٹ میں کراچی کے لیے 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہر میں ٹرانسپورٹ، پانی، نکاسی آب، انفراسٹرکچر اور شہری سہولتوں کے متعدد منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر 816 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت 644.3 ارب روپے ہے۔شہر کے لیے رواں مالی سال میں 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ 500 ملین روپے سے زائد لاگت کے 167 بڑے منصوبے اور ایک ارب روپے سے زائد لاگت کے 110 میگا منصوبے جاری ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گریٹر کراچی سیوریج پلان (S-III) پر 32 ارب روپے سے زائد لاگت سے کام جاری ہے جب کہ منصوبے کے تسلسل کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج کے لیے 4.37 ارب روپے جب کہ کراچی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں سمیت 822 منصوبوں کے لیے 108.1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں کراچی کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ روڈ سے اسٹار گیٹ تک 1.2 ارب روپے کی لاگت سے نیا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا جب کہ ملیر ہالٹ سے شارع فیصل تک 1.5 ارب روپے کی لاگت سے رائٹ ٹرن انڈرپاس بنایا جائے گا۔