ایران کا جوہری پروگرام فی الحال اپنی موجودہ صورتحال میں برقرار رہے گا،ٹرمپ

امریکی فوجی موجودگی کچھ عرصے تک خلیجی خطے میں برقرار رہے گی تاکہ علاقائی استحکام اور سلامتی کے معاملات پر نظر رکھی جا سکے۔

June 18, 2026 · اہم خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام اور دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی عمل سے متعلق اہم بیان جاری کیا ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام فی الحال اپنی موجودہ صورتحال میں برقرار رہے گا اور اس حوالے سے طے شدہ سفارتی فریم ورک کے تحت پیش رفت جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی فوجی موجودگی کچھ عرصے تک خلیجی خطے میں برقرار رہے گی تاکہ علاقائی استحکام اور سلامتی کے معاملات پر نظر رکھی جا سکے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ کسی جامع اور حتمی معاہدے کے لیے مقرر کردہ 60 روزہ مدت کو سخت یا ناقابلِ تبدیلی ڈیڈ لائن نہیں سمجھا جانا چاہیے، بلکہ ضرورت پڑنے پر سفارتی عمل کو مزید وقت بھی دیا جا سکتا ہے۔

امریکی صدر نے میزائل پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک کے پاس میزائل صلاحیت موجود ہے، اس لیے اس معاملے پر متوازن اور منصفانہ نقطہ نظر اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاملات کو سفارتی ذرائع سے آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

ٹرمپ کے بیان کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل اور حالیہ مفاہمتی پیش رفت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔