اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں انشورنس تحفظ کے خلا کو کم کرنا، نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہے
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جو ملک کے انشورنس سیکٹر میں اصلاحات اور انشورنس کوریج میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
بینک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں انشورنس تحفظ کے خلا کو کم کرنا، نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا اور مالیاتی نظام کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں انشورنس کا حجم مجموعی قومی پیداوار کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔
“انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام” کے تحت کسانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے جدید نظام بھی تیار کیا جائے گا۔
پروگرام میں سیٹلائٹ بیسڈ رسک اسسمنٹ، ڈیجیٹل انشورنس سہولیات اور کلیمز کے نظام میں بہتری جیسے اقدامات شامل ہیں تاکہ خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔
اے ڈی بی کے مطابق یہ اصلاحات طویل مدتی بچت، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر فنانسنگ میں بھی مددگار ثابت ہوں گی، جبکہ پاکستان کا انشورنس شعبہ روایتی نظام سے جدید رسک بیسڈ ماڈل کی طرف منتقل ہو سکے گا۔