گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی جی ایچ کیو آمد،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

June 18, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

راولپنڈی : جمہوریہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیا پونگ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ فوجی تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان مسلح افواج کے کردار اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

بعد ازاں گھانا کے نیشنل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیا پونگ نے نیول ہیڈ کوارٹرز اور ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا۔ نیول ہیڈ کوارٹرز میں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

ائیر ہیڈ کوارٹرز میں معزز وفد نے چیف آف دی ائیر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ان ملاقاتوں میں بھی باہمی عسکری تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔