وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ حج پالیسی30-2027 کی منظوری دے دی

کوٹہ سسٹم کے بجائے کارکردگی پر مبنی نیا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ

June 19, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کی پیش کردہ پرائیویٹ حج پالیسی 30-2027 کی منظوری دے دی ہے۔

مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج کے لیے کوٹہ سسٹم کے بجائے کارکردگی اور کمپلائنس پر مبنی نظام نافذ کیا جا رہا ہے اور موجودہ حج آپریٹرز کی دوبارہ جانچ لازمی قرار دی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج کوٹہ “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر مختص ہوگا جبکہ ہر آپریٹر کے لیے کم از کم 2 ہزار حجاج کی بکنگ لازمی ہوگی اور کم بکنگ پر کمپنی کو غیر فعال قرار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ناکام کمپنیوں کی نصف سکیورٹی ضبط کی جائے گی اور حجاج کو خودکار طور پر دوسری کمپنیوں میں منتقل کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق تمام حج کمپنیوں کی آزاد ماہرین کے ذریعے جانچ اور درجہ بندی کی جائے گی جبکہ لائسنس تین سال کے لیے جاری ہوں گے۔

کوٹہ کی خرید و فروخت کو ممنوع قرار دیا گیا ہے اور کارٹل سازی و اجارہ داری پر سخت کارروائی ہوگی۔

نئی پالیسی کے تحت پرائیویٹ حج آپریشنز مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت چلیں گے اور بکنگ صرف پرائیویٹ حج مینجمنٹ پورٹل (پی ایم ایم پی) کے ذریعے ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ حج کمپنیاں حجاج کے فنڈز اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گی اور سعودی سروس فراہم کنندگان کو ادائیگیاں براہِ راست کی جائیں گی۔

مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں تمام حج ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے ہوں گی جبکہ نئی پالیسی سے شفافیت، احتساب اور حاجیوں کے تحفظ کو فروغ ملے گا۔