پٹرول ڈیزل سستا ہوتے ہی جمعہ کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ

یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور خطے کی صورتحال میں بہتری کے باعث ممکن ہوئی ہے

June 20, 2026 · اہم خبریں

 اسلام آباد، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد حکومت نے کفایت شعاری کے تحت نافذ جمعہ کی اضافی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 74 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور خطے کی صورتحال میں بہتری کے باعث ممکن ہوئی ہے، جبکہ اس فیصلے کا مقصد براہِ راست عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے جمعہ کی اضافی چھٹی ختم کرنے، سرکاری گاڑیوں اور ایندھن کی کٹوتیوں میں نرمی کرنے سمیت کئی کفایت شعاری اقدامات بھی واپس لے لیے ہیں۔

تاہم توانائی بچت کے بعض اقدامات برقرار رکھے گئے ہیں، جن کے تحت کاروباری مراکز اور دکانیں رات 9 بجے اور شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت پر عمل جاری رہے گا۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ سیکٹر نے بھی کرایوں میں تقریباً 10 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جس سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی توقع ہے۔