بنوں میں سڑک کنارے نصب بموں کے دو دھماکوں میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں پیش آیا جہاں پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب ایک مسافر وین گزر رہی تھی۔ ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں وین میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد اسی مقام پر دوسرا دھماکا ہوا جس کی زد میں آ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکوں کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر وین قریبی علاقے ہاتھی خیل سے بنوں شہر کی طرف آ رہی تھی۔