رانا ثنااللہ نے وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیاں مسترد کر دیں

بعض حلقے غیر مصدقہ اطلاعات کے ذریعے سیاسی بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

June 20, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے وزیراعظم کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ بعض حلقے غیر مصدقہ اطلاعات کے ذریعے سیاسی بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق زیر گردش خبریں درست نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم ملک کی قیادت مؤثر انداز میں کر رہے ہیں اور ان کی تبدیلی کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور ریاستی امور معمول کے مطابق جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مثبت پذیرائی ملی ہے اور حکومت ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت کے دروازے کھلے رکھے ہیں اور قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی اتفاق رائے کی کوشش جاری رہے گی۔