موبائل فون پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم قاسم گیلانی کا اعلان

یہ پاکستان کے عوام کے لیے رابطے اور جدید ٹیکنالوجی کو سستا اور قابلِ رسائی بنانے کی جانب ایک انتہائی مثبت قدم ہے۔قاسم گیلانی

June 21, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان میں اسمارٹ فون صارفین اور آئی ٹی سیکٹر کے لیے بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اسمارٹ فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید قاسم گیلانی نے اس اہم پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ “الحمدللہ، اسمارٹ فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔ یہ پاکستان کے عوام کے لیے رابطے اور جدید ٹیکنالوجی کو سستا اور قابلِ رسائی بنانے کی جانب ایک انتہائی مثبت قدم ہے۔

واضح رہے کہ قاسم گیلانی گزشتہ کئی عرصے سے اسمارٹ فونز پر عائد بھاری ٹیکسوں اور پی ٹی اے فیسوں کے خلاف پارلیمنٹ اور قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں آواز اٹھا رہے تھے اور انہوں نے اس حوالے سے ایک باقاعدہ مہم بھی چلا رکھی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ موجودہ دور میں اسمارٹ فون عیاشی نہیں بلکہ نوجوانوں، طلبہ اور فری لانسرز کے لیے روزگار اور تعلیم کی بنیادی ضرورت ہے۔

صنعت کے ماہرین اور عوامی حلقوں نے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمے سے ملک میں اسمارٹ فونز (خصوصاً درآمد شدہ اور مڈ رینج فونز) کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے کو ملے گی، جس سے ملک میں ڈیجیٹل شمولیت اور آئی ٹی کے شعبے کو فروغ ملے گا۔