کراچی: گلشن اقبال میں گیس کمنی نے نئی سڑک کھود دی ، ٹاؤن انتظامیہ نے کام رکوا دیا
ایس ایس جی سی کو کھدائی کی اجازت 6 ماہ قبل دی گئی تھی تاہم کمپنی نے بغیر اطلاع کام شروع کیا، ٹائون حکام
فائل فوٹو
کراچی : گلشن اقبال کے علاقے میں کروڑوں روپے مالیت سے تعمیر ہونے والی واحد نئی سڑک کو بھی کھود دیا گیا۔
ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق سڑک کی کھدائی کی اجازت چھ ماہ قبل سوئی گیس کو دی گئی تھی تاہم اب اچانک لائن ڈالنے کے لیے اسے کھودا گیا ہے، جس پر ٹاؤن انتظامیہ نے فوری طور پر کام رکوا دیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں کی طرح گلشن اقبال بھی اپنے بدترین انتظامی دور سے گزر رہا ہے جہاں سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں۔
شہر میں انتظامی امور بری طرح متاثر ہیں جبکہ گلشن اقبال میں سیوریج اور پانی کی لائنوں کی وجہ سے جگہ جگہ کھدائی کی گئی ہے، اور ایس ایس جی سی نے مرکزی اور گلیوں کی سڑکوں کو کھود کر رکھ دیا ہے۔
منصوبے کے تحت چند ماہ قبل گلشن اقبال بلاک 13 اے حسن اسکوائر سے بلاک 13 بی مصطفیٰ اسپتال تک 9 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی سڑک تعمیر کی گئی تھی۔
شہریوں کے مطابق یہ سڑک گلشن اقبال اور ضلع وسطی کے مکینوں کے لیے اہم متبادل راستہ تھی کیونکہ یونیورسٹی روڈ گزشتہ 5 سال سے زیر تعمیر ہے۔
اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال ٹاؤن کو اعتماد میں لیے بغیر سڑک کی کھدائی کی گئی جس پر انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر کام رکوا دیا۔
ٹاؤن حکام کے مطابق ایس ایس جی سی کو کھدائی کی اجازت 6 ماہ قبل دی گئی تھی تاہم کمپنی نے بغیر اطلاع کام شروع کیا، جبکہ یہ مرکزی گیس لائن بچھانے کا منصوبہ ہے۔
ذرائع کے مطابق سڑک کی تعمیر میں سروس ڈکٹ شامل نہیں کی گئی تھی جس کی وجہ سے کھدائی ناگزیر بنی۔
شہریوں نے اس صورتحال پر تحقیقات اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ٹاؤن انتظامیہ نے معاملہ سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔