اسرائیلی صدر کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، اسحاق ہرزوگ بال بال بچ گئے

ہیلی کاپٹر پرندوں کے غول سے ٹکرا کر ہچکولے کھانے لگا۔ پائلٹ نے ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی۔

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیلی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر صدر اسحاق ہرزوگ کو لیکر پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی صدر ہرزوگ یروشلم میں ماؤنٹ ہرزل پر ایک یادگاری تقریب میں شرکت کے بعد شمالی اسرائیل میں تعزیت (شیوا) کے لیے جا رہے تھے۔

ہیلی کاپٹر جیسے ہی فضا میں بلند ہوا سامنے سے آتے پرندوں کے غول سے ٹکرا کر ہچکولے کھانے لگا۔ پائلٹ نے ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس واقعے میں اسرائیلی صدر ہرزوگ، فضائی عملے یا ہیلی کاپٹر میں سوار کسی بھی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ابتدائی معائنے میں ہیلی کاپٹر کو بھی کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ اور فضائی عملہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں منتقل ہوگئے جس کے بعد انہوں نے اپنا طے شدہ سفر مکمل کیا۔

فوج کے مطابق متاثرہ ہیلی کاپٹر کو تکنیکی معائنے اور ضروری دیکھ بھال کے لیے اسرائیلی فضائیہ کے انجینیئرنگ عملے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔