ایران کی درخواست پر کل دوحہ میں اہم مذاکرات ہونگے: ٹرمپ کا دعویٰ

تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور متعلقہ ورکنگ گروپس کے فریم ورک کے تحت تب منعقد ہو گا، جب حالات سازگار ہوں گے ، کاظم غریب آبادی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے حکام کے درمیان کل دوحہ ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔

امریکا اور ایران کے حکام نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر الیکٹرانک دستخط کے بعد سوئٹزر لینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں مذاکرات کیے۔ اس دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے بھرپور سفارتکاری کی ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔

پاکستانی حکام اب بھی پرامید ہیں کہ امریکا اور ایران 60 روز کے اندر امن معاہدے پر متفق ہو جائیں گے، جس کے لیے بھرپور کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔

ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کے لیے کشنر اور وٹکوف دوحہ جائیں گے: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کہ ہے کہ ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کے لیے سٹیو وٹکوف اور جارڈ کشنر دوحہ جا رہے ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ایران نے ایک میٹنگ کی درخواست کی ہے۔ اس کا انعقاد کل دوحہ میں ہو گا۔

تاہم دوسری طرف ایران کی تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے منگل کو ہونے والے مذاکرات کی تردید کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ’وٹکوف اور کشنر اس ہفتے کی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کے لیے دوحہ جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’تکنیکی مذاکرات‘ بھی ان اجلاسوں کے درمیان ہی ہوں گے۔

تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کاظم غریب آبادی کی تردید

دوسری طرف ایران کی تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے منگل کو ہونے والے مذاکرات کی تردید کی ہے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب کیے گئے وعدوں پر عمل در آمد کے حوالے سے قطر کے ساتھ مشاورت جاری ہے، تاہم دونوں ممالک کے ورکنگ گروپس کے درمیان ’تکنیکی مذاکرات کی ابھی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور متعلقہ ورکنگ گروپس کے فریم ورک کے تحت تب منعقد ہو گا، جب حالات سازگار ہوں گے اور تاریخ و مقام پر اتفاق ہو جائے گا، اور اس سلسلے میں ثالث ممالک کے ذریعے مشاورت جاری ہے۔‘

اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز کو بھی ایک ذریعے نے بتایا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات منگل کو دوحہ میں متوقع ہیں۔