تکنیکی مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔امریکی حکام کا دعویٰ
اہم مذاکرات میں پیش رفت پر امریکی سینیئر اہلکار کا اطمینان
امریکی حکومت کے ایک سینیئر اہلکار نے امریکہ میں بی بی سی کو غیر سرکاری طور پر فراہم کیے گئے بیان میں، دوحہ میں امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کی ملاقاتوں اور ایران کے ساتھ ممکنہ اعلیٰ سطح مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی خطے کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت ’بہت مثبت‘ رہی ہے۔ ان کے مطابق تکنیکی سطح پر مذاکرات بدستور جاری ہیں اور ان میں ہونے والی پیش رفت اطمینان بخش ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی آمد و رفت ایک بار پھر تیزی سے بحال ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
تاہم وائٹ ہاؤس کے اس اہلکار نے دوحہ میں ہونے والی ملاقاتوں میں شریک فریقین یا امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ براہِ راست، اعلیٰ سطح مذاکرات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس سے ایک روز قبل، منگل کو قطری وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر دوحہ پہنچ چکے ہیں، لیکن ان کی ایرانی حکام سے براہِ راست ملاقات طے نہیں ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ٹرمپ کے نمائندے ثالثوں سے ملاقات کریں گے اور مذاکرات کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔