آسٹریلوی حکومت نے افغانستان کے لیے سخت سفری ہدایات جاری کر دیں

کسی بھی مقصد، خواہ وہ سیاحت، کاروبار یا اہلِ خانہ سے ملاقات ہی کیوں نہ ہو، افغانستان کے سفر سے گریز کریں۔

July 1, 2026 · بام دنیا

 کینبرا: آسٹریلوی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کی صورتحال اب بھی غیر یقینی اور خطرات سے بھرپور ہے۔

آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ و تجارت کی جانب سے جاری تازہ سفری ہدایات میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مقصد، خواہ وہ سیاحت، کاروبار یا اہلِ خانہ سے ملاقات ہی کیوں نہ ہو، افغانستان کے سفر سے گریز کریں۔

سفری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں آسٹریلوی شہری افغانستان میں ہلاک، زخمی اور بعض کیسز میں حراست کا سامنا بھی کر چکے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سمیت دارالحکومت کابل میں بھی سیکیورٹی خطرات موجود ہیں، اس لیے کسی بھی علاقے کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

رپورٹس کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور کئی دیگر ممالک بھی اپنے شہریوں کو افغانستان کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت دے چکے ہیں اور وقتاً فوقتاً اپنی سفری ایڈوائزریز کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث مختلف ممالک احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں اور اپنے شہریوں کو تازہ ترین سفری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔