نیتن یاہو کا امریکہ سے ترکی کو ایف35 طیارے فروخت نہ کرنے کا مطالبہ
صدر اردوغان ’واضح طور پر اسرائیل کی تباہی کے خواہاں ہیں،فاکس نیوز کو انٹرویو
فائل فوٹو
تل ابیب: اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ترکی کو ایف-35 جنگی طیارے اور اُن کے پرزے فروخت نہ کرے کیونکہ اُن کے بقول یہ اقدام خطے میں ’طاقت کے توازن‘ کو متاثر کرے گا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ آنے والے دنوں میں نیٹو اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی جائیں گے۔
مبصرین کے مطابق ترکی صدر ٹرمپ کے اس دورے کو ایف-35 پروگرام سے متعلق اپنے منصوبے کو آگے بڑھانے اور درجنوں جنگی طیاروں کے انجنوں کی خریداری کے لیے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کو ترک صدر رجب طیب اردوغان کو بطور ’انعام‘ جدید فوجی ٹیکنالوجی فراہم نہیں کرنی چاہیے۔ نیتن یاہو کے مطابق صدر اردوغان ’واضح طور پر اسرائیل کی تباہی کے خواہاں ہیں۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کے توازن کو بگاڑ دے گا، ایک ایسا توازن جو بالآخر اسرائیلی فضائی برتری اور میرے خیال میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کی موجودگی اور پوزیشن کے ذریعے برقرار رکھا جاتا ہے۔