نیٹو سربراہ نے ایران پر امریکی حملوں کو ضروری اقدام قرار دے دیا

اگر جنگ بندی کے دوران اس کی خلاف ورزی کے واقعات پیش آئیں تو اس پر ردعمل دینا اہم ہو جاتا ہے۔

 نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک رٹہ نے ایران پر امریکی فوجی کارروائیوں کو موجودہ صورتحال میں ایک ضروری اقدام قرار دیا ہے۔

انقرہ میں نیٹو اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر جنگ بندی کے دوران اس کی خلاف ورزی کے واقعات پیش آئیں تو اس پر ردعمل دینا اہم ہو جاتا ہے۔

مارک رٹہ کے مطابق حالیہ واقعات، جن میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے الزامات بھی شامل ہیں، نے خطے کی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا، جس کے تناظر میں امریکا نے فوجی کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی برقرار رکھنے اور خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

امریکا نے حالیہ دنوں ایران میں متعدد مقامات پر حملوں کا اعلان کیا تھا، جبکہ ایران نے ان کارروائیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور باہمی مفاہمت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔