امریکی حملوں میں ایرانی فوج کے 8 اہلکار شہید ، تہران کا شدید ردعمل

امریکی حملوں میں نشانہ بننے والے اہلکاروں کا تعلق ایرانی فوج کی فضائی اور بحری افواج سے تھا۔

فائل فوٹو

فائل فوٹو

بندر عباس/بوشہر : جنوبی ایران پر امریکی فوج کے حالیہ فضائی اور میزائل حملوں کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے 8 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق امریکی حملوں میں نشانہ بننے والے اہلکاروں کا تعلق ایرانی فوج کی فضائی اور بحری افواج سے تھا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ہلاکتیں جنوبی ایران کے ساحلی اور اسٹریٹجک شہروں ‘بندر عباس’ اور ‘بوشہر’ میں قائم فوجی تنصیبات پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔

ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی “دہشت گرد فوج” کی جانب سے کی جانے والی اس مجرمانہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور شہدا کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ان حملوں میں ایرانی فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز اور ڈرون لانچنگ سائٹس سمیت 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

اس تازہ ترین فوجی تصادم کے بعد خطے میں کشیدگی انتہائی سنگین حد تک بڑھ گئی ہے اور ایران نے خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو جوابی کارروائی کے لیے جائز ہدف قرار دے دیا ہے۔