کشیدگی میں کمی کیلیے قطری مذاکرات کار ایران پہنچ گئے،ایرانی حکام سے ملاقاتیں

یہ بات چیت امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی میں کی جا رہی ہے،خبر ایجنسی کا دعویٰ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران:بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ قطری مذاکرات کار ایران میں موجود ہیں جہاں وہ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

روئٹرز نے ذرائع کا حولہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کوششوں کا مقصد کشیدگی میں کمی اور وسیع تر مذاکرات کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔ خبر کے مطابق یہ بات چیت امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی میں کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل امریکی خبر رساں ادارے ایگزیوز نے خبر دی تھی کہ قطر، پاکستان اور دیگر علاقائی ثالث امریکہ اور ایران کے درمیان نئی کشیدگی کو کم کرنے اور جوہری معاہدے پر مذاکرات کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایگزیوز کا کہنا ہے کہ اس نے یہ خبریں ثالث ممالک کے دو ذرائع کے ساتھ ساتھ ایک امریکی اہلکار سے حاصل کی ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت اور جنگ بندی ’ختم‘ ہو چکی ہے اور انھوں نے ایران پر سلسلہ وار حملوں کا حکم دیا ہے، تاہم ان کی توجہ اب آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے پر مرکوز ہے۔

ایگزیوز نے مزید دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی ایران کے ساتھ مکمل جنگ میں واپس جانے سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔