خطے میں کسی ملک پر حملہ کیا اور نہ کریں گے، ایران
ایران کی دفاعی کارروائیاں صرف اُن امریکی اڈوں، تنصیبات اور ٹھکانوں کے خلاف ہوتی ہیں جنھیں امریکہ ایران پر حملوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔ ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ
فائل فوٹو
تہران: ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران نے خطے کے کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی ایسا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی کارروائیاں صرف اُن امریکی اڈوں، تنصیبات اور ٹھکانوں کے خلاف ہوتی ہیں جنھیں امریکہ ایران پر حملوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔
اسماعیل بقائی نے زور دیا کہ ایران نے بارہا خطے کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کو اپنی سرزمین، تنصیبات اور فضائی حدود ایران کے خلاف منصوبہ بندی، تیاری یا کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔
اب سے چند گھنٹے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ نے خلیج فارس کے ممالک کو خبردار کیا تھا کہ اگر انھوں نے ایران کے خلاف کسی ’فوجی جارحیت‘ میں تعاون کیا تو وہ ایرانی مسلح افواج کے لیے جائز ہدف بن سکتے ہیں۔