امریکی ناکہ بندی سے قبل ایرانی جہاز تیزی سے آبنائے ہرمز عبورکرگئے
11 میں سے 9 جہاز ایرانی راستے سے گزرے، دیگر خلیجی برآمدات تقریباً معطل رہیں۔
شپنگ مانیٹرنگ ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ناکہ بندی نافذ ہونے سے قبل منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا، جن میں زیادہ تر ایران سے منسلک تجارتی جہاز تھے۔
جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے ادارے کپلر کے مطابق منگل کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 11 جہازوں میں سے 9 نے ایرانی راستہ اختیار کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق آبنائے ہرمز سے نکلنے والے ایرانی برآمدی جہازوں میں 20 لاکھ بیرل خام تیل لے جانے والا ایک انتہائی بڑا آئل ٹینکر، ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والا ایک درمیانے درجے کا ٹینکر، اور مائع پیٹرولیم گیس (LPG) لے جانے والے دو ٹینکر شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق منگل کے روز دیگر خلیجی تیل پیدا کرنے والے ممالک سے تیل یا گیس کی لوڈنگ کے لیے کسی ٹینکر کی آمد یا روانگی ریکارڈ نہیں کی گئی۔