ایران مذاکرات سے مالی مفاد کا الزام بے بنیاد ہے۔جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر کی وائٹ ہاؤس مشیروں کا دفاع، الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا

July 17, 2026 · بام دنیا

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں اپنے کردار سے مالی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں جے ڈی وینس نے کہا، “یہ دعوے مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔” انہوں نے کشنر اور وٹکوف کو صدر کی ٹیم کے قابلِ اعتماد ارکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پر اندرونی معلومات سے فائدہ اٹھانے کا الزام مضحکہ خیز ہے۔

وینس کا یہ ردعمل دی ہرمز لیٹر نامی ایکس اکاؤنٹ کی پوسٹ کے جواب میں سامنے آیا، جس کے بعد ڈراپ سائٹ نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایران نے جے ڈی وینس کو ایک پیغام بھیجا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کشنر اور وٹکوف بطور مذاکرات کار اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔

امریکی نائب صدر نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا کوئی پیغام کبھی موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ان دونوں سے زیادہ کسی نے کام نہیں کیا۔

جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند گھنٹے قبل انہوں نے اسرائیلی حکومت کے بعض ارکان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ “غیر ملکی اثر و رسوخ کی مہم” کے ذریعے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔