وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، حوثی حملوں کی مذمت
ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری تجارت کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں بحیرۂ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر ہونے والے مبینہ حوثی حملوں سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری تجارت کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ گفتگو کے دوران بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور دیگر اہم بحری راستوں میں قانونی تجارت کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن کے لیے قریبی رابطہ اور تعاون برقرار رکھنا ضروری ہے۔