انتخابات کے حوالے سے افواہوں کو غلط ثابت کرنا ہوگا،چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر
سیکیورٹی اور دیگرانتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس
تصویر: سوشل میڈیا
چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران، ریٹرننگ افسران، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران میرپورجہانگیر جرال، کوٹلی محمد ادریس بھٹی اور بھمبر حافظ سردار محمد اکرم خان کے علاوہ کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے انتخابات 2026 کے انتظامات پر بریفنگ دی ۔چیف الیکشن کمشنر نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا ۔ان کا کہناتھا کہ ہم سب کا بنیادی مقصد ایک ہے، صاف شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کا انعقاد ۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ قوم کا جوڈیشری اور انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں پر اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنانا ہے۔تمام اداروں کو مل کر انتخابات کے حوالہ سے افواہوں کو غلط ثابت کرنا ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پولنگ کے سارے عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔پولنگ سٹیشن کو محفوظ بنانا سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہےانہوں نے کہا کہ ووٹرز اور پولنگ عملہ کو تحفظ دینا ہماری ذمہ داری ہے ، مرحلہ وار انتخابات پر مختلف تحفظات سامنے آئے لیکن ایک ڈویژن کے نتائج کا دوسرے پر اثر انداز ہونے کا تاثر بے بنیاد ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق آزاد کشمیر کے معروضی حالات ہیں ۔ریاست کے لوگ اپنی اپنی جماعتوں سے کمیٹڈ ہوتے ہیں۔سیکورٹی فورسز پولنگ سٹیشنز پر پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کو یقینی بنائیں۔ہم سب نے مشترکہ کاوش سے قومی مفاد میں انتخابی عمل کو کامیاب بنانا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، انتظامیہ اورپولیس مکمل کوآرڈینیشن سے کام کرے۔