آزادکشمیر نکیال میں پولنگ کےدوران تصادم سے پیپلزپارٹی کارکن جاں بحق
متعلقہ حکام کہاں ہیں؟ الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے؟ بلاول بھٹو زرداری
آزاد کشمیر کے حلقہ نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن مختار یونس جاں بحق ، تین افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نکیال کے گاؤں دھیری میں پیش آیا جہاں پولنگ کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ کشیدگی بڑھنے پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں مختار یونس موقع پر جاں بحق ہو گئے۔، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے ، متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے الزام لگایاہے ہے کہ حلقہ ایل اے-9 کوٹلی 2نکیال میں پیپلزپارٹی کے امیدوار جاوید اقبال بدھانوی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 14، 15 اور 16 پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پیپلزپارٹی کی خواتین پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کیا اور انہیں یرغمال بنا یا۔
سردار عبدالشکور نے کہا کہ ان پولنگ اسٹیشنز پر پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو ان کے فرائض انجام دینے سے روکا جا رہا ہے، مخالف امیدوار کے حامی خود بیلٹ پیپرز پر مہریں لگا رہے ہیں، جو انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری مداخلت کرتے ہوئے خواتین پولنگ ایجنٹس کو تحفظ فراہم کیا جائے، انتخابی عمل کو شفاف بنایا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اطلاع ملی ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کرکے میرے کارکن مختار یونس کو شہید کیا گیا، متعلقہ حکام کہاں ہیں؟ الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے؟ ۔بلاول نے کہاکہ دو روز قبل بھی سردار عمیر نعیم کی ساتھیوں سمیت کھلے عام فائرنگ کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔
چیئر مین پیپلزپارٹی کا مزید کہناتھاکہ گر متعلقہ حکام دو روز قبل نکیال میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیتے تو آج ایک انسانی زندگی کی قیمت ادا نہ کرنا پڑتی۔انہوں نے کہاکہ شہید جیالا مختار یونس نکیال میں میرے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ مل کر مؤثر انتخابی مہم چلارہا تھا۔ اپنی شکست سے بوکھلا کر مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔