عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی،برینٹ خام تیل 86.89 ڈالر فی بیرل پر آ گیا
قیمتوں میں یہ کمی امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی ممکنہ بحالی اور خطے میں کشیدگی میں عارضی کمی کی توقعات کے باعث سامنے آئی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں منگل کے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر سے زائد کم ہو کر 86.89 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو حالیہ دنوں کی کم ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں یہ کمی امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی ممکنہ بحالی اور خطے میں کشیدگی میں عارضی کمی کی توقعات کے باعث سامنے آئی ہے۔ ان عوامل کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ کر ایک مرحلے پر 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں۔ تاہم تازہ پیش رفت کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی ہے، جس کے اثرات تیل کی قیمتوں پر بھی نمایاں ہوئے ہیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت کی درخواست کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نئی جنگ بندی یا کسی ممکنہ معاہدے پر پیش رفت نہ ہوئی تو امریکہ دوبارہ کارروائی کا راستہ اختیار کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور عالمی طلب و رسد تیل کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔