آزادکشمیرانتخابات کا پہلامرحلہ۔نوازلیگ کی 9 نشستیں،پیپلزپارٹی 4 حلقوں میں کامیاب

پولنگ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں ہوئی ۔چیف الیکشن کمشنر

July 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

تصویر: سوشل میڈیا جسٹس ر غلام مصطفٰی مغل

 

آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ 13 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 9 اور پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا پہلا مرحلہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا، پولنگ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں ہوئی اور ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق سماہنی میں پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مثالی کردار ادا کیا۔

ایل اے 1 ڈڈیال کے 193 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، پیپلز پارٹی کے چوہدری افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔چیف الیکشن کمشنر نے پہلے سرکاری نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے چوہدری اظہر صادق کی کامیابی کی تصدیق بھی کر دی۔

ایل اے 2 چکسواری، اسلام گڑھ کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قاسم مجید،ایل اے 3 میرپورسٹی میںسابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود مرحوم کے صاحبزادے،پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان جیت گئے۔

ایل اے 4 کھڑی شریف سےمسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد کامیاب رہے ،ایل اے 5 برنالہ بھمبرمیں مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور 29 ہزار 875 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 29 ہزار 143 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس حلقے کا حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔

ایل اے 6 سماہنی ،بھمبھر میں ،مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 23 ہزار 923 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ آئی پی پی کے علی شان سونی 12 ہزار 492 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ووٹ جلائے جانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا گیا، تاہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو واضح برتری حاصل ہے۔

ایل اے 7 بھمبر میںمسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق ،ایل اے 8 کوٹلی 1 راج محل میں1 پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک،ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم ،ایل اے 10 کوٹلی سٹی میں پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین،ایل اے 11 کوٹلی 4 سہنسہ میں مسلم لیگ (ن) کے راجا محمد آصف
ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑھوئی میں مسلم لیگ (ن) کے راجا ریاست خان،ایل اے 13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ میں مسلم لیگ (ن) کے راجا ایاز احمد خان کامیاب ہوئے۔