ایران کیلیے ڈیل کا آخری موقع، آبنائے ہرمز کل تک کھل جانی چاہیے ، ٹرمپ
امریکا ایران کی درخواست پر بات چیت کر رہا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں ،صحافیوں سے بات
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور تہران کے لیے یہ ایک “آخری موقع” ہے۔
واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کی درخواست پر بات چیت کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے کسی نہ کسی طریقے سے جلد براہِ راست یا بالواسطہ بات چیت ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کل تک مکمل طور پر کھل جانی چاہیے، جس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی کمپنیاں غیر معمولی منافع کما رہی ہیں، جبکہ ان کے بقول آبنائے ہرمز کی بحالی ایک پیچیدہ معاملہ نہیں اور اسے جلد حل کر لیا جائے گا۔
برطانیہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، تاہم وہ کسی دوسرے ملک کو یہ نہیں بتا سکتے کہ اسے اپنا ملک کیسے چلانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امیگریشن یورپ کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور اگر برطانیہ شمالی سمندر میں تیل کے ذخائر کو مکمل طور پر استعمال کرے تو اسے سستی توانائی حاصل ہو سکتی ہے، جو ان کے بقول سیکڑوں برس تک کافی ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نے خود ان سے رابطہ کر کے حملہ نہ کرنے اور معاہدہ کرنے کی بات کی تھی۔ ان کے بقول “یہی اصل حقیقت ہے اور سب اس سے آگاہ ہیں۔” تاہم ایران اس سے قبل ایسے امریکی دعوؤں کی تردید کر چکا ہے۔