10اگست کوضلع پونچھ اور پلندری میں الیکشن ملتوی
باغ اور حویلی میں پولنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن آزادکشمیر
10 اگست کو ضلع پونچھ اور ضلع پلندری (سدھنوتی) میں الیکشن ملتوی کر دیے گیے ہیں ۔ ضلع باغ اور ضلع حویلی میں پولنگ مقررہ تاریخ پر ہی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق، سیکرٹری داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے موصول رپورٹس کے مطابق ضلع پونچھ اور پلندری کے کچھ علاقوں میں امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق تحفظات موجود تھے۔ اس کے علاوہ ان اضلاع کی بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے بھی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
10 اگست 2026 کو ضلع باغ کے تینوں انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ منعقد ہوگی۔ضلع پونچھ اور پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10 اگست 2026 کو پولنگ نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضلع پونچھ اور پلندری کے لیے نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد میں کیا جائے گا۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ صرف امن و امان کی موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔