پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،فتنہ الہندوستان کے 5دہشت گرد ہلاک
انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز برآمد
فائل فوٹو
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق 10 اگست 2026 کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت کیا گیا۔
کارروائی کے دوران اسلحے، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا۔ اس کے فوری بعد علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری رہیں گی۔