بنگلہ دیش کا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی تعاون میں شامل ہونے کا امکان

پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے تحت مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ہمایوں کبیر

August 22, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بنگلہ دیش نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان قائم مشترکہ اقتصادی و دفاعی تعاون کے فریم ورک میں شمولیت کے امکان پر مثبت رویے کا اظہار کیا ہے۔

بنگلہ دیشی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈھاکا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ اقتصادی یا دفاعی تعاون کے ممکنہ فریم ورک کا حصہ بننے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔

ہمایوں کبیر کے مطابق بنگلہ دیش اس معاملے میں اپنے قومی مفادات کے ساتھ عالمی معیشت اور تجارت میں ہونے والی تبدیلیوں کو بھی مدنظر رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے تحت مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم طارق رحمان کے سعودی عرب کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے۔

اگر بنگلہ دیش اس دفاعی یا اقتصادی فریم ورک میں شمولیت اختیار کرتا ہے تو اس سے جنوبی ایشیا، خلیجی خطے اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے دائرہ کار میں مزید وسعت آنے کا امکان ہے۔