فیلڈ مارشل عاصم منیرکوئی دھمکی آمیز پیغام نہیں لائے تھے: ایرانی عہدے دار

آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کے موقف اور شرائط کا پاکستان کے ذریعے واضح طور پر اعلان کیا گیا ہے، نیوز ایجنسی

August 25, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایران کی نیوز ایجنسی نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے کہا کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کے موقف اور شرائط کا پاکستان کے ذریعے واضح طور پر اعلان کیا گیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی جو عسکری اور سکیورٹی اداروں سے قریبی تعلق رکھتی ہے نے ایرانی مذاکراتی ٹیم کے ایک قریبی فرد کا یہ بیان نقل کیا کہ ’بعض میڈیا اداروں کے دعووں کے برعکس پاکستانی فوج کے سربراہ عاصم منیرجنھوں نے گذشتہ روز ایران کا دورہ کیا، اپنے ساتھ امریکہ کی جانب سے کوئی دھمکی آمیز یا اس نوعیت کا کوئی پیغام نہیں لائے تھے بلکہ وہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور امریکی فریق تک ایران کی شرائط و موقف پہنچانے کے خواہاں تھے۔

اس ذریعے نے مزید کہا کہ امریکہ کی اسلام آباد میمورنڈم‘ (معاہدے) کی طرف واپسی اور اس کی شقوں پر عمل درآمد جن میں آرٹیکل 5 یعنی آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی انتظامات شامل ہیں۔ ایران کی شرائط میں سے ہیں۔ اس معاملے کا اعلان پاکستانیوں کے ذریعے کیا گیا تھا اور پاکستانی فریق انھیں امریکی فریق تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی، جنھوں نے پاکستانی فوج اور مسلح افواج کے سربراہ عاصم منیر کے ہمراہ ایران کا دورہ کیا، نے مسعود پزشکیان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو ’انتہائی مثبت اور تعمیری‘ قرار دیا۔