فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ، جدید اسلحے کے تجربات کا مشاہدہ
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دفاعی شعبے میں خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مقامی سطح پر عسکری سازوسامان کی تیاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی دفاعی پیداوار، صنعتی صلاحیت اور جدید عسکری سازوسامان کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے اسلحے اور گولہ بارود کے مختلف ٹیسٹ اور تجربات کا مشاہدہ کیا۔
انہیں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے مختلف شعبوں اور جاری پیداواری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ بریفنگ میں ادارے کی پیداواری استعداد، برآمدات بڑھانے کے امکانات اور ملکی دفاعی صنعت میں پی او ایف کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دفاعی شعبے میں خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مقامی سطح پر عسکری سازوسامان کی تیاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ صنعتی اور مقامی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے منصوبوں سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بتایا گیا کہ ادارے میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے اختتام پر ملکی دفاعی صنعت کو مزید مضبوط بنانے، مقامی پیداوار بڑھانے اور تکنیکی جدت کے ذریعے دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔