پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی کیلئے متحد ہیں، وزیراعظم

یہ دن غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے

August 30, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے مقصد کے لیے متحد ہیں، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور عوام کو یومِ فتح کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 30 اگست ترک تاریخ کی ایک اہم فتح کی یاد تازہ کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان ترک عوام کی جرأت، قربانیوں اور قومی عزم کی قابلِ فخر روایت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی اور جذباتی روابط موجود ہیں۔ ان تعلقات کی بنیاد مشترکہ ایمان، تاریخ اور باہمی تعاون پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کے مطابق مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاک ترک اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مختلف شعبوں تک وسعت دی جائے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی دونوں ممالک کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک ترک دوستی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کا رشتہ آنے والی نسلوں میں بھی مزید مضبوط ہوتا رہے گا۔