یومِ دفاع و شہدا: متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، صدر زرداری

1965 کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جبکہ شہدا نے اپنی قربانیوں سے بہادری اور حب الوطنی کی مثالیں قائم کیں۔

September 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں قربانی، حوصلے اور قومی عزم کی علامت کی حیثیت رکھتا ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ یومِ دفاع و شہدا وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ 1965 کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جبکہ شہدا نے اپنی قربانیوں سے بہادری اور حب الوطنی کی مثالیں قائم کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر 1965 کو قوم نے جس اتحاد اور جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستان کی اجتماعی طاقت کا ثبوت تھا۔ متحد اور پُرعزم قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ معرکۂ حق میں کامیابی بھی اسی جذبۂ حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے عزم کا تسلسل ہے۔ پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور بہادری نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

آصف علی زرداری کے مطابق پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے لیے ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور علاقائی و اجتماعی سلامتی کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے ضروری قرار دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم آج بھی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی استحکام اور قومی یکجہتی بھی ملکی طاقت کے بنیادی ستون ہیں۔

انہوں نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی تجدید کی اور کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق پاکستان کو مضبوط، جمہوری اور خوشحال ریاست بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔