پاکستان کو اگست میں 3 ارب 66 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول
رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ترسیلات زر 7 ارب 29 کروڑ ڈالر رہیں
فائل فوٹو
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو اگست 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی جانب سے 3.66 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ ہیں۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ترسیلات زر 7.29 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.7 فیصد زیادہ ہیں۔ اگست کی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر بھی 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں سعودی عرب ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جہاں سے 873 ملین ڈالر موصول ہوئے۔ متحدہ عرب امارات سے 750 ملین ڈالر، برطانیہ سے 564 ملین ڈالر اور امریکا سے 309 ملین ڈالر موصول ہوئے۔
خرم شہزاد کے مطابق حالیہ ترسیلات زر مالی سال 2026 میں پاکستان کو موصول ہونے والی ریکارڈ 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر کا مسلسل بہاؤ ملکی بیرونی کھاتے کا اہم ستون ہے، جو گھریلو آمدنی، زرمبادلہ کی دستیابی، ملکی ذخائر اور مجموعی بیرونی شعبے کی مضبوطی میں معاون ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 میں سعودی عرب سے ترسیلات زر 873 ملین ڈالر رہیں، جو اگست 2025 کے 737 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں، تاہم جولائی 2026 کے 914 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 4 فیصد کمی ہوئی۔
متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر اگست 2026 میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد بڑھ کر 750 ملین ڈالر ہو گئیں، جو اگست 2025 میں 643 ملین ڈالر تھیں۔ ماہانہ بنیادوں پر بھی متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر میں 2 فیصد اضافہ ہوا، جو جولائی 2026 میں 737 ملین ڈالر تھیں۔
مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران سعودی عرب سے مجموعی ترسیلات زر 1,787 ملین ڈالر رہیں، جو مالی سال 2026 کی اسی مدت کے 1,560 ملین ڈالر کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہیں۔
اسی عرصے میں متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر 1,487 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 1,308 ملین ڈالر کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہیں۔
دیگر خلیجی ممالک سے 327 ملین ڈالر موصول ہوئے، جن میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دنیا کے دیگر ممالک سے 338 ملین ڈالر کی ترسیلات زر آئیں، جو سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد زیادہ ہیں۔
مجموعی طور پر مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ میں ترسیلات زر 7.29 ارب ڈالر رہیں، جو تمام بڑے ترسیلاتی ذرائع سے سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔