حافظ نعیم الرحمان کا 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان
اگر لیوی بھتہ ختم نہ ہوا تو فیصلہ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوگا،گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب
فائل فوٹو
گوجرانوالہ: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ ہوگا، لاکھوں عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گا، اگر لیوی بھتہ ختم نہ ہوا تو فیصلہ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوگا، چاروں اطراف سے اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، گوجرانوالہ کے تاریخی مقام پر عوام کا سمندر نظر آ رہا ہے، آج پاکستان کے مسائل پر کوئی بولنے والا نہیں ہے، ہمارے کارکنوں نے حکمرانوں کے خلاف طاقتور آواز میں حصہ ڈالا ہے، جماعت اسلامی پاکستان کے غریب عوام کے لیے امید کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ان کو للکارا ہے جو 79 سال سے عوام کا حق مار رہے ہیں، عوام کے آج کے حالات کا ذمہ دار چھوٹا سا طبقہ ہے، یہ طبقہ انگریزوں کے بنائے جاگیرداروں اور وڈیروں پر مشتمل ہے، یہ غلام در غلام ہیں، قوم کو بھی غلام سمجھتے ہیں، آج بغیر حفاظتی اقدامات انسانوں کو غلام بنا کام کروایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مافیاز کی اولادیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہیں، غریبوں کا استحصال کرتے ہیں، آج بھی بچے، نوجوان اور بوڑھے بھٹوں پر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، نواز شریف کی ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو بھی حقوق نہیں ملتے، ان کی شوگر ملوں میں کام کرنے والے مزدور بھی رجسٹرڈ نہیں ہوتے، مائیں بہنیں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مریم نواز خاتون ہوتے ہوئے بھی خواتین کا استحصال کرتی ہے، پنجاب میں خواتین سے 6500 زیادتی کے مقدمات رپورٹ ہوئے، مریم نواز آج لندن میں عوام کے پیسوں سے عیاشی کر رہی ہیں، مریم نواز کو چیلنج ہے لندن کے پورے خرچے کو شو کرو، مریم نواز ان کے چچا اور والد غریبوں کا استحصال کرتے ہیں، ٹیکس ریٹرن اور گوشواروں میں یہ عام کارباری شخص سے بھی کم ظاہر کرتے ہیں۔