عراقی ڈرونز کا سعودی آئل پائپ لائن پر بڑا حملہ،9 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی،ترسیل بند

حملوں میں پائپ لائن سے منسلک پمپنگ اسٹیشنز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سیٹلائٹ تصاویر میں ایک پمپنگ اسٹیشن کے قریب آگ اور سیاہ دھوئیں کے بادل دکھائی دیے ہیں۔

September 12, 2026 · اہم خبریں
فوٹو گوگل

فوٹو گوگل

سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر عراق سے آنے والے ڈرونز نے بڑا حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 9 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور پائپ لائن سے تیل کی ترسیل عارضی طور پر روک دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں تیل کی ترسیل کے اہم نظام کو متعدد مقامات پر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور کئی افراد زخمی ہوئے۔

سعودی وزارت توانائی کے مطابق پائپ لائن کو متعدد حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پر اس کی ترسیل روک دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹیمیں پائپ لائن کو محفوظ بنانے اور نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔

امریکی حکام کے ابتدائی تجزیے کے مطابق حملوں میں پائپ لائن سے منسلک پمپنگ اسٹیشنز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سیٹلائٹ تصاویر میں ایک پمپنگ اسٹیشن کے قریب آگ اور سیاہ دھوئیں کے بادل دکھائی دیے ہیں۔

حکام کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پائپ لائن کے مرکزی حصے کو براہِ راست کتنا نقصان پہنچا ہے اور اسے مکمل طور پر بحال کرنے میں کتنا وقت لگے گا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک عہدیدار نے حملوں کے لیے عراق سے آنے والے ڈرونز کو ذمہ دار قرار دیا ہے، تاہم واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی علاقوں سے تیل کو بحیرہ احمر کی جانب منتقل کرنے کے لیے اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے، اس لیے اس پر حملوں سے سعودی تیل کی برآمدی صلاحیت اور خطے میں توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔