امریکا کا ایرانی بحری جہاز پر حملہ، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی
ایک پروجیکٹائل ہینگام جزیرے اور شیب ڈیراز گاؤں کے قریب پانی میں موجود ایک تجارتی کنٹینر جہاز سے ٹکرا گیا،گورنر حسین امیر تیموری
فائل فوٹو
تہران: ایران کے قشم جزیرے کے قریب ایرانی تجارتی بحری جہاز پر امریکی حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
ایران کے جنوبی کیشم جزیرے کے گورنر حسین امیر تیموری نے بتایا کہ دشمن کی جانب سے داغا گیا ایک پروجیکٹائل ہینگام جزیرے اور شیب ڈیراز گاؤں کے قریب پانی میں موجود ایک تجارتی کنٹینر جہاز سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہو گئے۔
BREAKING: An Iranian commercial vessel was struck near Hengam Island and the Shib Deraz coast of Qeshm Island, killing one person and wounding three others, said Qeshm Governor Amir Teymouri, Iranian state media reports.
🔴 LIVE updates: https://t.co/tqtSaYulMi pic.twitter.com/iSuWD2wbUW
— Al Jazeera English (@AJEnglish) September 13, 2026
حسین امیر تیموری نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 5 بجے ہینگام جزیرے اور شیب ڈیراز کے علاقے میں پیش آیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمیوں کے علاج کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے شخص اور زخمیوں کے بارے میں مزید تفصیلات واضح نہیں کی گئی ہیں۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہاز کو نامعلوم ہتھیار سے نشانہ بنایا گیا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز کی صورتحال پر عمان میں اہم ملاقات ہونے والی ہے۔
اس دوران آئی آر جی سی کے ایک سینئر عہدیدار نے امریکی بحریہ کے جہازوں کو آبنائے ہرمز کے قریب نہ آنے کی وارننگ دی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے اس دعوے کو چیلنج کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس آبی گزرگاہ پر واشنگٹن کا کنٹرول ہے۔
ایران کی ’فارس‘ نیوز ایجنسی کے مطابق آئی آر جی سی نیوی کے ڈپٹی پولیٹیکل کمانڈر نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آبنائے ہرمز امریکی کنٹرول میں ہے تو آگے بڑھیے اور اپنے کسی جنگی جہاز کو 100 کلومیٹر کے دائرے میں لے آئیے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج جانتی ہے کہ اس علاقے میں آنے والے کسی بھی جہاز کو ایرانی فوج کی جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہاز پر حملے کی نئی اطلاع نے مشرق وسطیٰ میں توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ امریکا میں ڈیزل کی قیمت بھی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔