شمالی وزیرستان اور ہنگو میں 10 خوارج ہلاک، آئی ای ڈی دھماکے میں 6 جوان شہید

مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے جو علاقے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

September 18, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی:خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرست یافتہ فتنۃ الخوارج کے 10 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے، جبکہ آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر بھرپور ہدف بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور علیحدہ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع ہنگو میں مزید 4 خوارج کو جہنم واصل کیا، جس سے تین دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے جو علاقے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 17 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے وطن کی دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔