وقت کی بچت اور عوامی خدمت کے لیے سرکاری ذرائع ناگزیر ہیں، مریم نواز
سخت تنقید کا جواب، جہاز کے استعمال پر وضاحت، ذاتی خرچ ادا کرنے کا دعویٰ
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک حکمران کے لیے وسائل میں سب سے قیمتی چیز وقت ہوتا ہے، جسے عوام کی خدمت میں سرف کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں طنزیہ انداز میں کہا کہ جب سرکاری طیارے کے استعمال پر تنقید کی گئی تو انہوں نے سوچا کہ اب وہ چنگچی رکشے پر بیٹھ کر ملتان چلی جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے سوال اٹھایا کہ جو وہ آج ملتان آئی ہیں اور کل انہیں سرگودھا، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، بھکر اور لیہ کا دورہ کرنا ہے، تو وہ کس سواری پر بیٹھ کر جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور مختلف شہروں کے دورے کے لیے نقل و حمل کے موثر ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے۔
بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں سرکاری جہاز کے استعمال سے متعلق الزامات کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے واضح کیا کہ انہیں اس معاملے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور طرح طرح کی باتیں کی گئیں۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے پونے 3 کروڑ روپے انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔